Advisory Detail

Title مارچ کے دوسرے پندھرواڑے میں گندم کی بہتر نگہداشت کے لیے حکمت عملی
Date 2013-03-16 - 2013-03-31
Advisory Content

گندم کو تیسرا پانی بجائی کے 125تا130دن بعد لگائیں ۔ یہ وقت ہوتا ہے سٹے میں دانے بننے اور بھرنے کا۔اگر اس مرحلے پر پانی نہ دیا جائے یا تاخیر سے دیا جائے تو دانے کا سائز چھوٹا رہ جاتا ہے اور پیداوار میں کمی واقع ہو جا تی ہے۔
3 اس موسم میں گندم کی فصل پر سست تیلے کا حملہ بھی ہو سکتاہے۔ اس لیے سست تیلے کے مربوط انسداد کے لیے درج ذیل سفارشات پر عمل کریں۔
(i) سست تیلے کا حملہ گندم کی فصل پر سب سے پہلے ٹکڑیوں کی شکل میں ہوتاہے۔ لہٰذا کسان اپنی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کرتے رہیں۔ جیسے ہی حملہ نظرآئے متاثرہ کھیت کے حصوں میں پودوں کو رسّی سے ہلا کر تیلے کو نیچے گرا دیں۔
(ii) کھالوں اورکھیت کے ارد گرد ا اُگی ہوئی جڑی بوٹیاں بھی تیلے کی افزائش میں مدد کرتی ہیں۔اُن کی تلفی اشد ضروری ہے۔ اس کے لیے آلات کشاورزی کا استعمال کر کے ان کی تلفی یقینی بنائیں۔مزید برآں کیمیائی زہر Glyphosate بھی سفارش کردہ مقدار میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
(iii) تیلے کاحملہ شروع ہونے پر گندم کی فصل کو سادہ پانی سے پاور سپرئیر کے ساتھ پریشر سے وقفہ وقفہ سے سپرے کرتے رہیں۔
(iv) مفید کیڑے مثلاً لیڈی برڈ بیٹل، کرائی سوپا، مکڑی، سرفڈ فلائی اور طفیلی کیڑے اس کی تعداد کو بڑھنے نہیں دیتے۔ ایسے کھیت جہاں پر مفید کیڑوں کی تعداد کم ہو وہاں پر دوسرے کھیتوں سے فائدہ مند کیڑے اکٹھے کر کے چھوڑیں تاکہ ان کھیتوں میں تیلے کا حملہ کنٹرول کیا جا سکے۔
(v) ان مفید کیڑوں کی پرورش محکمہ زراعت کی وہاڑی، پاکپتن، ساہیوال، اوکاڑہ،شیخوپورہ،حافظ آباد، لیہ، مظفر گڑھ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور فیصل آباد میں قائم کردہ بیالوجیکل لیبارٹریوں میں بھی کی جارہی ہے۔ یہاں مفید کیڑے کاشتکاروں کو مفت فراہم کیے جاتے ہیں۔ کاشتکار اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔
(vi) گندم کی فصل پر زرعی زہریں ہرگز استعمال نہ کریں کیونکہ ہماری خوراک پر ان کے بہت برُے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ماحول کا آلودہ ہونا، صحت کے مسائل اور مفید کیڑوں کا ختم ہونااضافی مسائل ہیں۔
(vii) سست تیلے کے مؤثر کنٹرول کے لیے کچھ کاشتکار محکمہ زراعت کی سفارش کے مطابق گندم کے کھیت کے ایک طرف کنولہ کی چند قطاریں کاشت کرتے ہیں تاکہ ان پر حملہ آور تیلے کے خلاف دوست کیڑے پید اہوں۔ جس سے گندم پر حملہ کرنے والے سست تیلے کو ختم کیا جاسکے۔ کاشتکار تیلے کے مؤثر کنٹرول کے لیے اس طریقہ کار کو اپنائیں۔زرعی توسیعی کارکنان سست تیلے کی پہچان ، نقصانات اور اس کے مؤثر کنٹرول کے لیے کاشتکاروں کی بروقت راہنمائی کریں۔